بیلتنگڈی ،3 / جون (ایس او نیوز) منتخب عوامی نمائندوں کے خلاف شنوائی کرنے والی بینگلورو کی خصوصی عدالت میں بیلتنگڈی کے ایم ایل اے ہریش پونجا کے خلاف ایک اور چارج شیٹ داخل کی گئی جو چند مہینے قبل محکمہ جنگلات کے افسران کو ان کی ذمہ داری ادا کرنے سے روکنے سے متعلق ہے ۔
خیال رہے کہ تقریباً آٹھ مہینے قبل کلانجے کے ریزرو جنگلاتی علاقے میں غیر قانونی قبضہ کرکے گھر کی تعمیر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے جب محکمہ جنگلات کے افسران پہنچے تھے تو اس وقت سرکاری افسران کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے اور انہیں ساتھ بدزبانی کرنے کا معاملہ پیش آیا تھا ۔ ہریش پونجا اور ان کے ساتھیوں کی طرف سے بے جا مداخلت کی وجہ سے محکمہ جنگلات کے افسران کو ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیے بغیر ہی خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا تھا ۔
اس تعلق سے محکمہ جنگلات اپن انگڈی ژون کے فاریسٹ آفیسر جئے پرکاش نے ایم ایل اے ہریش پونجا، ایم ایل سی پرتاپ سنہا نائیک سمیت کُل 17 افراد کے خلاف دھرمستھلا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس کی بنیاد پر ایم ایل اے ، ایم ایل سی اور دیگر افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا ۔
اب اسی معاملے میں دھرمستھلا پولیس نے یکم جون کو بینگلورو کی خصوصی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے ۔
یاد رہے کہ حال ہی میں پتھروں کی غیر قانونی کھدائی کے ملزم کو گرفتار کرنے پر بیلتنگڈی پولیس اسٹیشن میں ایم ایل اے ہریش پونجا نے جو ہنگامہ کھڑا کیا تھا اور پولیس کی کارروائی میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے ساتھ ملزمین کی حمایت میں پولیس اسٹیشن کے اندر جو دھرنا یا تھا اس کے خلاف بیلتنگڈی پولیس کی طرف سے خصوصی عدالت میں دو چار شیٹس سے پہلے سے ہی داخل ہو چکی ہیں ۔ اس طرح اب تیسری چارج شیٹ دھرمستھلا پولیس کی جانب سے داخل کی گئی ہے ۔